ماں بننا عورت کی زندگی کا خوبصورت لیکن اکثر کافی تکلیف دہ عمل بھی ثابت ہوسکتا ہے۔ خاص طور پر اگر آپ دوسری بار ماں بننے جارہی ہوں تو آپ کو کچھ باتیں جاننا بہت ضروری ہیں تاکہ آپ کی رہنمائی ہوسکے۔
جب لڑکی پہلی بار ماں بنتی ہے تو میکے، شوہر اور سسرال کی طرف سے اسے بہت زیادہ لاڈ پیار ملتا ہے۔ لیکن دوسری بار میں زیادہ تر ایسا نہیں ہوتا۔ اس کے علاوہ پہلے بچے کی ذمہ داری بھی نبھانی ہوتی ہے جس کی وجہ سے عورت کو دوسرے حمل میں آرام کا موقع کم ملتا ہے۔
زیادہ تر خواتین کا کہنا ہے کہ پہلی کے مقابلے میں دوسری بار بچے کی پیدائش کا عمل آسان ہوتا ہے۔ یہاں تک کہ اگر پہلی بار سی سیکشن کے زریعے بچہ پیدا ہوا ہے تو ہوسکتا ہے دوسری بار نارمل ڈلیوری ہو۔
حاملہ عورت کو اپنے اندر بچے کی حرکت کو محسوس کرکے کافی خوشی ہوتی ہے۔ لیکن پہلے بچے کے وقت یہ حرکت سمجھنے مٰں دشواری ہوتی ہے جب کہ دوسرے حمل میں بچے کا ہاتھ پیر چلانا تیرہویں ہفتے میں ہی محسوس ہونے لگتا ہے جو کہ خوش گوار احساس ہے۔
اگر آپ ماں بن چکی ہیں تو آپ کو اندازہ ہوگا کہ دورانِ حمل مارننگ سک نیس یعنی جسم تھکا ہوا اور بیمار محسوس ہوتا ہے لیکن دوسری بار میں یہ تکلیف بہت کم ہوجاتی ہے۔
پہلی بار ماں بننے کے عمل سے گزرتی خاتون کو کھانا کھانے میں بہت پریشانی ہوتی ہے کیونکہ اکثر کھانوں سے ان کا دل اوبنے لگتا ہے اور متلی کی کیفیت کی وجہ سے خوراک بہت کم ہوجاتی ہے جبکہ دوسری بار میں اکثر خواتین کو بھوک زیادہ لگتی ہے اور متلی کی کیفیت بھی کم ہوتی ہے۔