حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں ، جناب رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا:ایک نماز کے بعد دوسری نماز کا انتظار کرنے والا جہاد فی سبیل اللہ کے ایسے شہسوار کی طرح ہے جسے گھوڑا اپنی پشت پر لے کر شدید ہوگیا ہو۔ایسے نماز ی کے لیے اللہ تبارک وتعالیٰ کے فرشتے رحمت کی دعا کرتے ہیں،جب تک کہ وہ بے وضو نہ ہوجائے یا اپنی جگہ سے اُٹھ کر کھڑا نہ ہوجائے اور وہ رباط اکبر میں ہے۔(مسند امام احمد بن حنبل ،الترغیب والترہیب)
٭ حضرت براءبن عازب رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا:بے شک اللہ تبارک وتعالیٰ پہلی صف میں نماز پڑھنے والوں پر رحمت بھیجتا ہے اورملائکہ اُن کے لیے دعا کرتے ہیں ۔(ابوداﺅد،مستدرک ، امام حاکم،صحیح ابن حبان) ٭ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا روایت کرتی ہیں ،نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا:بے شک اللہ تبارک وتعالیٰ اُن لوگوں پر اپنی رحمتیں نازل فرماتا ہے اورفرشتے ان کے لیے دعاکرتے ہیں جو نماز کی صف میں دائیں جانب کھڑے ہوتے ہیں۔(ابوداﺅد ، ابن ماجہ)
٭ حضرت عبداللہ ابن عباس رضی اللہ عنہما روایت کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا:اپنے ان جسموں کو پاک کرو تاکہ اللہ تبارک وتعالیٰ بھی تمہیں پاک کرے کیونکہ جب بھی کوئی بندہ رات پاکیزگی میں گزارتا ہے اوروضو کی حالت میں سوتا ہے تو اس کے ساتھ ایک فرشتہ اس کے بالوں میں رات بسر کرتا ہے۔جب بھی وہ بندہ رات کے کسی حصے میں اپنا پہلو بدلتا ہے تو وہ فرشتہ اس کے لیے یوںدعا مانگتا ہے”اے اللہ !اپنے اس بندے کی مغفرت فرماکیونکہ یہ رات کو باوضو ہوکر سویا ہے “۔