امانت واپس کرنا انسان کا سب سے بڑا اعلیٰ ظرف ہے۔ لاہور موٹر وے پولیس نے سڑک سے برآمد کیا گیا لیڈیز پرس مالکان تک پہنچا دیا جس میں 7 لاکھ روپے کے زیورات اور نقد رقم بھی موجود تھی۔
موٹروے پولیس کے مطابق: ” اسلام آباد کے رہائشی ابصار اپنی فیملی کے ساتھ موٹروے پر اسلام آباد سے پشاور جا رہے تھے۔ انہیں صوابی کے قریب فون پر بات کرنے کے لیے گاڑی سے اترنا پڑا۔ ان کے پیچھے بچے بھی اتر گئے۔ بے دھیانی میں بچوں کا پیر پرس کو لگا جس سے پرس سڑک پر گر گیا لیکن کسی کو معلوم نہ ہوا۔ اس پرس میں 5 تولہ سونے کے زیورات، 70 ہزار نقد اور اہم کاغذات موجود تھے۔ فیملی وہاں سے پرس کا خیال کیے بغیر چلی گئی۔ترجمان موٹروے کے مطابق: ” کچھ دیر بعد پیٹرولنگ انسپکٹر امتیاز احمد اور سب انسپکٹر شیرین تاج وہاں سے گزرے تو ان کی نظر پرس پر پڑی انہوں نے پرس دیکھا اور اس کو مالکان تک پہنچا دیا۔ جس پر شہری نے موٹروے پولیس کا شکریہ ادا کیا ۔ اس کارروائی کو سراہتے ہوئے ڈی آئی جی موٹروے نارتھ زون مظہر الحق کاکا خیل اور سیکٹر کمانڈر ایم ون ذیشان حیدر نے افسران کیلئے انعامات کا اعلان کیا ۔