لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) سردی ابھِی اتنی جلد ختم نہیں ہو گی، رواں ماہ میں مزید بارشوں کی پیشن گوئی، فروری کے آخری ایام میں بارش کا
باعث بننے والا شمال مغربی ہواوں کا سسٹم بارشیں برسائے گا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران ملک کے میدانی علاقوں میں
سردی کی شدت میں کچھ کمی آنے کے بعد اب بارشوں کے ایک نئے سلسلے کی آمد کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔اس حوالے سے ماہرین موسمیات کی رپورٹ کے مطابق رواں ماہ فروری کے آخری ایام میں بارش کا باعث بننے والا شمال مغربی ہوائوں کا ایک سسٹم لاہور میں داخل ہو گا جو بارشیں برسانے کا باعث بنے گا۔ جبکہ ملک میں موسم کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے جاری رپورٹ میں محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں میں موسم سرد رہے گا۔گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود
رہنے کی توقع ہے۔ استور، سکردو، ہنزہ میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی نیچے ہے، بلوچستان میں کوئٹہ اور قلات میں موسم شدید سرد رہنے کی پیشگوئی ہے۔ جبکہ پنجاب کے صوبائی دارالحکومت کے موسم کے حوالے سے جاری رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز لاہور کا موسم خشک رہا جبکہ سورج کی تپش کے باعث شہر کے درجہ خرارت میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ دن کے وقت شہر کا درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب ملک کے کئی شمالی علاقوں خاص کر مشہور سیاحتی مقامات پر برفباری کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ مری، گلیات، نتھیاگلی سمیت ملک کے کئی شمالی علاقے اب بھی برف کی چادر اوڑھے ہوئے ہیں۔