انڈین ریاست کرناٹک کے وزیر تعلیم بی سی ناگیش نے اشارہ دیا ہے کہ حکومت 14 فروری کو پری یونیورسٹی اور ڈگری کالجوں کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کرسکتی ہے۔
انڈین نیوز چینل اینڈ ڈی ٹی وی کے مطابق کرناٹک حکومت نے جمعرات کو 14 فروری سے 10 ویں جماعت تک کی کلاسوں کو اور اس کے بعد پری یونیورسٹی اور ڈگری کالجوں کی کلاسوں کو دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
معے کو وزیر تعلیم بی سی ناگیش نے کہا کہ ’ہائی سکول پیر کو دوبارہ شروع ہوں گے اور پیر کی شام وزیراعلیٰ کی طرف سے بلائی جانے والی میٹنگ کے دوران پری یونیورسٹی اور ڈگری کالج کے طلبہ کے لیے جلد از جلد کلاسیں شروع کرنے کے بارے میں فیصلہ لینے کی کوشش کریں گے۔‘
خیال رہے کہ جمعرات کو کرناٹک ہائی کورٹ نے طالبات کے حجاب پہننے کے کیسز کی سماعت کے دوران اپنے عبوری حکم نامے میں ریاستی حکومت سے تمام تعلیمی اداروں کو کھولنے کی درخواست کی اور تمام طالب علموں کو کلاس روم میں زعفرانی شالیں، سکارف، حجاب اور کوئی بھی مذہبی جھنڈا پہننے سے روک دیا۔
کرناٹک میں حجاب کے حق میں اور مخالفت میں ہونے والے مظاہروں کے بعد، جو بعض مقامات پر پرتشدد بھی ہوگئے، جس کے بعد حکومت نے ریاست کے تمام ہائی اسکولوں اور کالجوں میں بدھ سے تین دن کے لیے تعطیل کا اعلان کر دیا۔
دریں اثنا وزیر داخلہ اراگا جانیندرا نے کہا کہ تمام اضلاع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ جب تعلیمی ادارے دوبارہ کھلیں تو امن و امان برقرار رہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ہماری پولیس کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ ہماری پولیس فورس پہلے ہی مختلف ریاستوں میں جا چکی ہے جہاں انتخابات ہو رہے ہیں۔ ہم مزید فورس نہیں بھیج رہے ہیں اور ان کا استعمال مقامی پولیس اور مرکزی فورسز کے ساتھ کیا جائے گا۔‘